27 مارچ ، 2019
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ’احساس‘ کے نام سے حکومت کے غربت مٹاؤ پروگرام کا آغاز کردیا۔
وزیراعظم کا غربت مٹاؤ پروگرام ’احساس‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ غربت کم کرنے کیلئے بہت اقدامات کرنے پڑتے ہیں، اس پروگرام میں محنت کرنے پر ڈاکٹر ثانیہ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ غربت ختم کرنا بھی جہاد ہے اور ہم ملک سے غربت ختم کریں گے، پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، مسلمانوں کیلئے مدینہ کی ریاست ایک ماڈل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں کامیاب ہونا ہے یا نہیں، یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے، ہمارے ہاتھ میں صرف کوشش کرنا ہے، پاکستان میں 43 فیصد بچے خوراک کی کمی کاشکار ہیں، چین نے 30سالوں کے اندر 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور چین نے 30 سال پہلے جو فیصلے کیے، اس کی وجہ سے آج معاشی طاقت ہے، آج ہم بھی وہی فیصلے کر رہے ہیں تاکہ آگے جاکر ملک معاشی طور پر مستحکم ہو۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم جب ترقی کا ارادہ کرتی ہے تو آگے نکل جاتی ہے، غربت کے خاتمے کے پروگرام میں 80 ارب روپے کا اضافہ کر رہے ہیں اور ہم نئی وزارت قائم کر رہے ہیں جو اس پروگرام کیلئے پورے ملک میں کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سرکاری فلاحی ادارے الگ الگ کام کر رہے ہیں، نئی وزارت سے مل کر کام کریں گے، اس پروگرام کے تحت 57 لاکھ خواتین کیلئے سیونگ اکاؤنٹس بنا رہے ہیں اور ان کو موبائل فون بھی دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ 500 ڈیجیٹل حب بنا رہے ہیں جو مختلف دیہاتوں میں کام کریں گے، ڈیجیٹل حب تحصیلوں اور دیہاتوں میں موجود لوگوں کی رہنمائی کریں گے، ڈیجیٹل حب سے عوام اپنے بینک اکاؤنٹس اور نئی نوکریوں سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جو پڑھنا چاہتے ہیں ان طالب علموں کو گرانٹ دیں گے، دیہی خواتین کی مدد کیلئے بکریاں اور دیسی مرغیاں دی جائیں گی، یوٹیلیٹی اسٹورز کے اندر بیج رکھیں گے تاکہ لوگ ان کو خرید کر گھر میں پودے لگا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ محنت کش لوگ جو بیرون ملک کام کرنے جاتے ہیں ان کو سہولیات دیں گے، بیرون ملک مقیم ہمارے محنت کشوں کے تعاون کیلیے ویلفیئر اتاشی تعینات کیے جائیں گے، بیرون ملک کام کرنیوالے محنت کش کیلیے اسپیشل ویلفیئر ٹکٹ دیں گے تاکہ وہ اپنے گھر والوں سے آکر مل سکیں، جو مزدور بیرون ملک جائیں گے، انہیں ایک سال نہیں بلکہ 3 سال کے کنٹریکٹ پر بھیجیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مزدوروں اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیں گے تاکہ وہ اپنا گھر بنا سکیں، احساس پروگرام کے تحت بزرگ شہریوں کیلئے گھر بنائے جائیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کی پنشن میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا جس ملک میں خواتین کو تعلیم نہ دی جائے، خواتین کی تعلیم اور صحت میں پاکستان دوسرے ممالک سے بہت پیچھے ہے۔