Geo News
Geo News

Time 28 مارچ ، 2019
دنیا

بنگلا دیش میں کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 19 افراد ہلاک

ڈھاکا کی کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی کی وجوہات جاننے کا عمل جاری ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ڈھاکا: بنگلا دیش میں ایک کثیر المنزلہ عمارت میں آتشزدگی سے کم از کم 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بنگلا دیشی حکام کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ ڈھاکا کی 24 منزلہ عمارت میں پیش آیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق آگ عمارت کی درمیانی منزلوں پر لگی تاہم آتشزدگی کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا ہے۔

حکام کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے نتیجے میں اب تک 19 افراد ہلاک اور 68 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے آتشزدگی سے بچنے کے لیے کثیر المنزلہ عمارت سے رسیوں کی مدد سے چھلانگ لگانے کی کوشش کی اور اس کوشش میں متعدد افراد نیچے گر کر شدید زخمی بھی ہوئے۔

طبی ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بنگلا دیشی حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں فائر فائٹرز، نیوی اور ایئر فورس کے ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا، آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم ریسکیو کا عمل جاری ہے۔