Time 08 اپریل ، 2019
دنیا

امریکا نے ایرانی فوج کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا

پاسداران انقلاب کی مداخلتوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں قیام امن ناممکن ہے: ٹرمپ۔ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکا نے ایران کی فوج پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

پاسداران انقلاب کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کی منظوری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاسداران انقلاب پر پابندی کا فیصلہ بہت پہلے کرلینا چاہیے تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ پاسداران انقلاب کی مداخلتوں کے باعث مشرق وسطیٰ میں قیام امن ناممکن ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاسداران انقلاب دہشتگری کی پشت پناہی کر رہا ہے، پابندی کے بعد پاسداران انقلاب کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

امریکی پابندی پر ایران کا ردعمل

ایرانی وزارت خارجہ نے بھی امریکی فوج کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی فوج کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے لیے ایرانی صدر کو خط لکھ دیا۔

جواد ظریف نے کہا کہ مغربی ایشیاء میں دہشتگرد گروپوں کی کھلی حمایت کرنے پر امریکی فوج کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا چاہیے۔

خیال رہے کہ پاسداران انقلاب کا قیام انقلاب ایران کے بعد اپریل 1979 میں عمل میں آیا تھا اور اس وقت تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار فوجی پاسداران انقلاب کا حصہ ہیں۔

امریکا کے علاوہ سعودی عرب اور بحرین بھی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں۔

مزید خبریں :