بالی وڈ ہدایت کار مہیش بھٹ پر کنگنا کو چپل سے مارنے کا الزام

— فوٹو:فائل 

بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی بہن رنگولی نے ہدایت کار مہیش بھٹ پر بہن کو چپل سے مارنے کا الزام لگا دیا۔

بالی وڈ میں اداکاراؤں کے درمیان سرد جنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور یہ ’جنگ‘ کہیں پیشہ وارانہ حسد تو کہیں نجی معاملات کے باعث چلتی رہتی ہے۔

نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ کنگنا رناوت بھی اپنے بیانات کے باعث تنازعات میں گھری رہتی ہیں اور گزشتہ دنوں بھی وہ بالی وڈ میں اقربا پروری پر دیئے گئے بیان کے باعث سرخیوں میں رہی ہیں لیکن اب ایک بار پھر وہ مہیش بھٹ پر تنقید کے بعد خبروں میں ہیں۔

گزشتہ دنوں کنگنا نے عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر عالیہ بھٹ کی والدہ سونی رازدان نے ٹوئٹ کر کے اداکارہ کو آڑے ہاتھوں لیا تاہم انہوں نے بعد میں اپنی ٹوئٹ ہٹا دی۔

اداکارہ عالیہ بھٹ کی والدہ کی ٹوئٹ جو ہٹادی گئی ہے— اسکرین گریب 

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ مہیش بھٹ کنگنا کو بالی وڈ میں لائے تھے لیکن وہ مسلسل بیٹی عالیہ بھٹ اور ان کے شوہر مہیش بھٹ پر حملے کرتی رہتی ہے اور اس نفرت کے پیچھے ان کا کیا ایجنڈا ہے، مجھے نہیں معلوم؟

ماضی کی اداکارہ کی اس ٹوئٹ پر کنگنا رناوت کی بہن رنگولی نے جواب دیتے ہوئے مہیش بھٹ پر الزام عائد کر دیا۔

رنگولی کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ مہیش بھٹ نے نہیں بلکہ انوراگ باسو نے کنگنا کو بریک دیا اور اس وقت مہیش بھٹ اپنے بھائی کے پروڈکشن ہاؤس میں تخلیقی ہدایت کار (کری ایٹو ڈائریکٹر) تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنگنا نے فلم ’وہ لمحے‘ کے بعد ’دھوکا‘ میں کام سے انکار کیا تھا جس پر مہیش بھٹ نے سب کے سامنے دفتر میں اُن پر شدید غصے کا اظہار کیا لیکن بعد میں جب کنگنا اپنی فلم ’وہ لمحے‘ تھیٹر میں دیکھنے گئی تو مہیش بھٹ نے ان پر چپل پھینک کر ماری تھی اور انہیں فلم بھی دیکھنے نہیں دی تھی۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے فلمی کرئیر کا آغاز 2006 میں فلم ’گینگسٹر‘ سے کیا تھا جس کے بعد اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اب بالی وڈ کی کامیاب اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

کنگنا نے کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور اب تک 3 نیشنل ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔

مزید خبریں :