سال کے 12 مہینوں کے ناموں کی کہانیاں

ناموں کی کہانی دلسچسپ ہوتی ہے۔ عیسوی کیلینڈر میں 12 مہینوں کے ناموں کے ماخذ کیا ہیں اور نام رکھنے کی وجہ کیا ہے یہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہے۔ 

کیا آپ جانتے ہیں کہ مہینوں کے ناموں کے پیچھے دیوی دیوتا اور اعداد شامل ہیں۔ 

جنوری

کیلینڈر پر پہلا مہینہ جنوری ہمیشہ سے پہلے نمبر پر نہیں تھا۔ قدیم یونان میں سال کا آغاز مارچ سے ہوتا تھا اور 10 ماہ کے دسمبر میں سال مکمل ہو جاتا تھا۔

صدیوں تک جنوری اور فروری کو کیلینڈر میں شمار نہیں کیا گیا، قدیم بادشاہ پومپی لس نے رومن کیلنڈر کو دوبارہ سے 690 قبل عیسوی میں ترتیب دیا، تو انہوں نے جنوری کا نام جینس پر رکھا۔ جینس روم کے در (دروازے) اور نئے آغاز کا دیوتا تھا، یہ نام سال کے آغاز کے لیے بہترین سمجھا گیا۔

فروری

قدیم یونانی سال کا اختتام ایک جشن کے ساتھ کرتے تھے جو 'فیبرا' کہلاتا تھا۔ اسی نسبت سے کنگ پومپیلس نے یونانی سال کے بارہویں مہینے کا نام فروری رکھا تھا۔1582 میں پوپ گریگوری نے کیلنڈر میں دوبارہ سے ترمیم کی، انہوں نے بہت سے مغربی ملکوں کے سال کے آغاز کو یکم جنوری رکھا جب کہ انگلینڈ اور امریکی کولونیز میں سال کا آغاز 1752 سے کیا گیا۔

 کچھ لوگ فروری نام کا تعلق روم کی ایک دیوی فیبریا سے بھی جوڑتے ہیں جسے اولاد دینے والی دیوی مانا جاتا تھا۔

مارچ 

 690 قبل مسیح میں مارچ سال کا پہلا مہینہ مانا جاتا تھا۔ روایت کے مطابق یونانی موسم سرما کے اختتام پر جنگ بندی کرتے تھے اور سردیوں کے بعد نئے سال کے آغاز میں دشمن ملکوں سے جنگ کا اعلان یکم مارچ کو کرتے تھے۔ اسی لیے کئی ماہرین کا ماننا ہے کہ مارچ کا نام مارس کے نام پر رکھا گیا۔ مارس 'جنگ' کے یونانی دیوتا کا نام ہے۔

اپریل

اپریل نام کے ماخذ  پر ماہرین صدیوں تک غور کرتے رہے۔ قدیم کیلینڈر پر اپریل دوسرا مہینہ تھا، اسی خیال سے کچھ تاریخ دان اپریل کا مطلب 'سیکنڈ' یعنی دوسرا سمجھتے ہیں۔ کچھ لوگ اس کا ماخذ لاطینی لفظ 'اپی رائر' بتاتے ہیں جس کا مطلب کھولنا ہے اور زیادہ تر لوگوں کا ماننا ہے کہ اپریل کا نام محبت اور خوبصورتی کی قدیم یونانی دیوی کے نام 'ایفروڈائٹ' کے نام پر رکھا گیا۔

مئی

مئی کے مہینے کا نام فطرت اور پھلتے پھولتے پودوں کی یونانی دیوی 'مائیا' کے نام پر رکھا گیا تھا لیکن یونانی دیو مالائی تاریخ میں یہ نام اتنا زیادہ عام نہیں ہے۔

روایات کے مطابق مائیا اٹلس کی بیٹی تھی اور اٹلس نے اپنے کندھوں پر دنیا اٹھا رکھی تھی۔ مائیا ہرمیس کی ماں بھی تھی جسے دیوتاؤں کا پیغام رساں بھی کہا جاتا ہے۔ اسے دھرتی کی دیوی بھی کہا جاتا تھا۔

جون

کہا جاتا ہے کہ جون کا نام جونو کے نام پر رکھا تھا، 'جونو' محبت اور شادی کی دیوی تھی۔ جونو کی شادی سب سے بڑے رومن دیوتا جوپیٹر سے ہوئی اور اسی لیے وہ دیوتاؤں کی ملکہ کہلاتی تھی۔

کچھ لوگوں کا ماننا یہ بھی ہے کہ جون کا ماخذ 'جینس' ہے جس کے معنی خاندان کے ہیں۔ زمانہ قدیم میں اس مہینے میں لوگ شادیاں کیا کرتے تھے۔

جولائی

رومن کیلینڈر کا آغاز مارچ سے ہوتا تھا اس لحاظ سے جولائی سال کا پانچواں مہینہ بنتا تھا۔ پہلے یہ مہینہ 'کوئنٹیلیس' کہلاتا تھا، لاطینی زبان میں جس کا مطلب ہی پانچواں تھا۔ 44 قبل مسیح میں جولائی کا نام 'جولیس سیزر' کے نام پر رکھا گیا، جس کی سالگرہ اسی مہینے میں ہوتی تھی۔

اگست

اگست کی کہانی بھی کچھ جولائی جیسی ہی ہے۔ اگست کو پہلے 'سیکسٹیلیا'کہا جاتا تھا، لاطینی زبان کے اس لفظ کے معنی 'چھٹا' ہیں۔ بعد میں اس کا نام 'آگستس سیزر' کے نام پر رکھ دیا گیا جب وہ روم کا بادشاہ بنا۔آگستس کا مطلب مقدس یا معزز ہے۔

ستمبر

قدیم رومن کیلینڈر میں ستمبر ساتواں مہینہ تھا۔ اس کا ماخذ 'سیپٹیم' ہے جس کا مطلب ہی سات ہے۔ نئے کیلینڈر میں ستمبر ساتویں کی بجائے سال کا نواں مہینہ ہے۔

اکتوبر

اوکٹو کا مطلب آٹھ ہے اور اسی نسبت سے اکتوبر کا نام ہے کیونکہ قدیم کیلینڈر میں اکتوبر آٹھویں نمبر پر تھا۔ کئی صدیوں قبل کیلینڈر میں اس مہینے کہ جگہ تبدیل ہو کر دسویں ہو چکی ہے لیکن اس کا نام تبدیل نہیں کیا گیا۔

نومبر 

ستمبر اور اکتوبر کے ناموں کی طرح نومبر کا نام بھی سیدھا سا ہے۔ لاطینی زبان میں لاطینی لفظ نووم کا مطلب ہے نواں، چونکہ قدیم کیلینڈر میں یہ نویں جگہ پر تھا اس لیے اس کا نام نومبر رکھا گیا تھا۔

دسمبر 

قدیم یا حال میں استعمال ہونے والا کیلینڈر دونوں میں ایک مما ثلت پائی جاتی ہے کہ دونوں کا اختتام دسمبر کے مہینے پر ہوتا تھا اور ہوتا ہے۔ لاطینی زبان میں 'دسیمب' کا مطلب دس ہے۔

مزید خبریں :