Time 25 اپریل ، 2019
کھیل

“لاہور قلندرز “مستقبل کے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہا ہے: عاطف رانا

لاہور قلندرز پی ایس ایل کے مسلسل چوتھے سیزن میں آخری نمبر پر رہی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ کی سب سے زیادہ متحرک فرنچائز” لاہور قلندرز” کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کہتے ہیں کہ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی ہماری فرنچائز پاکستان میں کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنے “ پلئیر ڈیولپمنٹ “ پروگرام کے سلسلے میں آنے والے دنوں میں ایکشن میں تو ہو گی ہی، البتہ اس کے ساتھ ہم چند نئے پراجیکٹس پر بھی سنجیدگی کیساتھ کام کر رہے ہیں جس کا مقصد لاہور قلندرز کے پلیٹ فارم کو مزید موثر اور مضبوط بنانا ہے۔

عاطف رانا کہتے ہیں کہ قلندرز کا یہ فلسفہ اور کام کرنے کی لگن انہیں دوسری فرنچائزز سے آگے لے آئی ہے، چوں کہ ہم صرف ایک مہینے کی  پی ایس ایل کے بعد خاموش نہیں بیٹھتے، اس لیے لوگوں کی پسندیدگی اور توجہ کے اعتبار سے ہمارا کراچی سے خیبر تک کسی سے مقابلہ اور موازنہ نہیں بنتا۔

لاہور قلندرز کے نئے آنے والے منصوبے کیا ہونگے؟ اس بارے میں چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کہتے ہیں کہ پچھلے چند سالوں کی طرح اس سال بھی ہماری پلئیر ڈیولپمنٹ کی منتخب ٹیم آسٹریلیا تو جائے گی ہی، اس کے ساتھ ہم جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے ساتھ اشتراک کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا بہت کام کر چکے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم درست سمت میں کام کر رہے ہیں۔

اس سوال پر کہ مستقبل میں لاہور قلندرز پلئیرز ڈویلپمنٹ کے سلسلے میں امریکا جانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے، عاطف رانا کا کہنا تھا جی ہاں اس سلسلے میں ابھی کام ہو رہا ہے، البتہ اس معاملے میں ہمیں کچھ وقت درکار ہو گا اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم ایک بات پر یقین رکھتے ہیں کہ کوئی کام شروع کرنے کے بعد پیچھے نہیں ہٹتے، لہذا ابھی ہم تمام پہلووں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

پی سی بی اور فرنچائز کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے  عاطف رانا کہتے ہیں ہم جو بھی کام کرتے ہیں اس کا صرف ایک ہی مقصد اور سوچ ہے کہ پاکستان کرکٹ کو آگے بڑھانا ہے اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں نمبر ون رہنا ہے اور اس عمل میں پی سی بی ہم سے کیوں ناراض ہو گا۔

مزید خبریں :