26 اپریل ، 2019
لاہور: بلدیاتی بل کے معاملے پر اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ کھڑا کردیا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے (ن) لیگ کے 3 ارکان کی رکنیت معطل کردی۔
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی جانب سے اپوزیشن ارکان کی ممبر شپ معطل کیے جانے پر اپوزیشن نے ایوان میں شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کردیا۔
خاتون رکن عظمیٰ بخاری کے ریمارکس پر وزیر قانون پنجاب برہم ہوگئے جب کہ ڈپٹی اسپیکر نے بھی اپوزیشن پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے عظمیٰ بخاری کے ریمارکس پر کہا کہ خاتون کے ناطے عزت کرتے ہیں یہ بات کرنے کا کیا طریقہ ہے؟۔
بعد ازاں کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے تین ارکان کو معطل کیا ہے جن میں مسلم لیگ (ن) کی عظمیٰ بخاری، عبدالرؤف اور اشرف رسول شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کا بل کمیٹی نے پاس کیا، کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان بھی شامل تھے، (ن) لیگ کےارکان توقیر کی بات کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اپنے ان اراکین کی تربیت کرے، اسمبلی میں شور شرابہ اصل میں کرپشن کیسز سےتوجہ ہٹانے کے لیے ہے، نیب خود مختار ادارہ ہے، اس سےحکومت کا کوئی تعلق نہیں۔