Geo News
Geo News

Time 29 اپریل ، 2019
پاکستان

ڈی جی آئی ایس پی آر کا پختون عوام کیلئے پشتو میں پیغام

فائل فوٹو

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پختون عوام کے نام پشتو زبان میں پیغام دیا جس کا اردو ترجمہ کچھ اس طرح ہے۔

ترجمان پاک فوج نے میڈیا بریفنگ کے دوران پختون عوام کے نام پشتو میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ محترم پختون بھائیوں، بہنوں، ماؤں، بزرگوں اور نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، میں پاک فوج کے نمائندے کی حیثیت سے آپ کو ایک پیغام دینا چاہتا ہوں، پاک فوج آپ کی ہے، جیسے پاکستان ہم سب کا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر پاکستان خوشحال اور آباد ہوگا تو ہم سب بشمول پختون خوشحال ہوں گے، خدانخواستہ پاکستان کو کوئی نقصان ہوگا تو یہ ہم سب کا نقصان ہوگا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کسی کے ورغلانے پر آپ کو پاکستان اور اداروں کے خلاف اکسانا چاہتے ہیں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مملکت پاکستان کو آپ کی قربانیوں کا احساس ہے، ریاست دن رات کوشش کررہی ہے کہ آپ کے مسائل حل کردے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاک فوج اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھےگی جب تک آپ کے مسائل حل نہ ہوں، ہم امید رکھتے ہیں پختون ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے، ہم پختونوں سے امید رکھتے ہیں آپ ملک دشمن قوتوں کا راستہ روکیں گے، امید ہے پختون پاکستان کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔