Geo News
Geo News

Time 30 اپریل ، 2019
دنیا

بھارتی فوج کا دیومالائی مخلوق 'یٹی' کے پاؤں کے نشان دریافت کرنے کا دعویٰ

بھارتی فوج کے اس دعوے کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق اڑایا جارہا ہے، لوگوں کا کہنا ہے ایک تخیلاتی کردار کو بھارتی فوج نے حقیقت کا رنگ دینے کی کوشش کی— فوٹو : فائل

انسانوں کو صدیوں سے برفانی انسان (Yeti)  'یٹی' کی تلاش ہے اور اب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مکالو بیس کیمپ کے قریب انہیں یٹی کے قدموں کے نشان ملے ہیں۔

بھارتی فوج کے ترجمان نے تصویریں بھی جاری کی ہیں جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیپال اور تبت کے درمیان برف سے ڈھکے پہاڑوں پر فوجیوں کی ایک ٹیم کو دیومالائی کہانیوں میں پائے جانے والے کردار برفانی انسان 'یٹی' کے قدموں کے نشان ملے ہیں جس کا سائز 32x15 انچ ہے۔

بھارتی فوج کے اس دعوے کا سوشل میڈیا پر خوب مذاق اڑایا جارہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے ایک تخیلاتی کردار کو بھارتی فوج نے حقیقت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ سائنس بھی YETI کی موجودگی اب تک ثابت نہیں کرسکی ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے جاری کردہ تصویر میں ایک ہی پاؤں کے نشان دیکھے جارہے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث بھی چل رہی ہے کہ اس یٹی کا ایک پاؤں تھا کیا؟

خیال رہے کہ یٹی ایک پراسرار اوسط انسان سے زیادہ طویل گوریلا نما مخلوق ہے جو تصور کیا جاتا ہے کہ ہمالیہ کے علاقے نیپال اور تبت میں بستی ہے۔

یونیورسٹی آف بفیلو امریکا کی ایک نئی تحقیق میں مبینہ یٹی کی باقیات کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ باقیات اصل میں ریچھوں اور کتوں کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھارتی فوج کے اس دعوے کو آڑے ہاتھوں لیا جارہا ہے۔