01 مئی ، 2019
کراچی: پاک فضائیہ نے ہر سال 27 فروری کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے منانے کا اعلان کردیا۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 264 ویں ائیر اسٹاف پریزینٹیشن کی تقریب ہوئی جس میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بیسز میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف مارشل نے رواں برس 27 فروری کو بھارت کیخلاف پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی کو سراہا اور کہا کہ یہ تاریخ ہمیشہ ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھی جائے گی اور ہر سال اسے منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران دشمن کی جارحیت کا بروقت اور بھرپور جواب دینے میں کامیاب رہے جس کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، اللہ نے ہمیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا موقع دیا۔
ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں اور آئندہ بھی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ سخت انداز سے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 26 فروری کو بھارتی فضائیہ نے بالاکوٹ کے مقام پر بم گرائے جس کا بھرپور جواب اگلے ہی روز27 فروری کی صبح پاک فضائیہ کی جانب سے دیا گیا۔
پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا اور پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کرنے کے بعد 2 بھارتی طیارے مار گرائے، ایک بھارتی طیارہ آزاد کشمیر جب کہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔
پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھامن کو پکڑا گیا جسے بعدازاں واہگہ بارڈر پر جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔