جیل کی کالی کوٹھری سے جلد نجات ملے گی، نواز شریف کا کارکنوں کے نام پیغام


لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد جیل منتقلی سے قبل کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی 6 ہفتوں کی ضمانت کی مدت مکمل ہونے کے بعد وہ قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوئے۔

سابق وزیراعظم کی ریلی میں ن لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی اور یہ قافلہ مریم نواز کی قیادت میں کوٹ لکھپت جیل پہنچا۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے والد نواز شریف کا ویڈیو پیغام ٹوئٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 'میں یہ سمجھتا ہوں کہ کارکنوں کا جذبہ اور دعائیں رنگ لائیں گی، یہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو کر رہے گی، اس میں کوئی شک نہیں ہے'۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ 'جیل کی کالی کوٹھری سے جلد نجات ملی گی اور کارکن جانتے ہیں مجھے کس گناہ کی سزا دی جا رہی ہے'۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو رات 12 بجے تک میرے ساتھ رہے، جس والہانہ انداز سے میرا استقبال کیا گیا، اس جذبےکا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ 26 مارچ 2019 کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو 6 ہفتوں کیلئے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی ضمانت میں توسیع اور بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی درخواستیں مسترد کردیں تھیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، انہیں 24 دسمبر 2018ء کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔

مزید خبریں :