11 مئی ، 2019
پاکستانی اسٹارز سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرکے جہاں مداحوں سے داد سمیٹتے ہیں وہیں وہ اس کے باعث تنقید کا نشانہ بھی بن جاتے ہیں اور ایسے ہی اس وقت اداکارہ صبور علی اور صحیفہ جبار مداحوں کی شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی نے ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر ایک شخص کی ویڈیو بنائی جو کھڑکی صاف کر رہا ہے۔
صبور علی نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں دیکھا گیا کہ وہ کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا تمسخر اڑا رہی ہیں اور کہتی ہیں کہ ’کیا کیا خواب لے کر اس کی ماں نے اس کو گھر سے بھیجا ہوگا‘ جس کے بعد انہوں نے خوب قہقہ بھی لگائے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے صبور کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار بھی ہیں جو خود ہنستے ہوئے کھڑکی صاف کرنے والے کے لیے کہتی ہیں کہ ’گھر میں یہ صبح اٹھ کر اپنے بستر کی چادر یا کمبل بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور اب یہ یہاں یہ کام کررہا ہے‘۔
جب کہ سیٹ پر اداکار عفان وحید بھی موجود تھے جن سے صبور نے پوچھا کہ آپ کا اس (کھڑکی صاف کرنے والے) بارے میں کیا کہنا ہے جس پر اداکار نے جواب دیا کہ ’وہ محنت کر رہا ہے‘ اس پر بھی دونوں اداکارائیں ہنستی رہیں۔
صبور علی کو کھڑکی صاف کرنے والے کی ویڈیو بنا کر انسٹا اسٹوری شیئر کرنا ایسا مہنگا پڑا کہ مداحوں نے ان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اداکارہ کی دیگر پوسٹ میں جا کر لکھا کہ محنت کرنے والے کے لیے ایسا کہنا زیب نہیں دیتا آپ میں انسانیت ہونی چاہیے، دوسرے کی عزت کرنا سیکھیے۔
بعدازاں صبور علی نے کھڑکی صاف کرنے والے کی ویڈیو حذف کرتے ہوئے ایک وضاحتی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کھڑکی صاف کرنے والے کو آنے والے ڈارمے کا assistant director بتایا اور کہا کہ سیٹ پر ایسا ہنسی مذاق چلتا رہتا ہے۔
صبور علی نے سوشل میڈیا بلاگرز پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حوالے سے کچھ بھی کہنے سے پہلے سوچ لیا کریں، دانستہ طور پر کسی بھی کام کرنے والے کا مذاق نہیں اڑایا گیا، لہٰذا گزارش ہے کہ کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے ذمہ داری سے پوری تصویر پر غور کیا کریں۔
دوسری جانب صحیفہ جبار نے لائیو ویڈیو میں کہا کہ احسن بھائی (کھڑکی صاف کرنے والا) ہمارے قریبی دوست ہیں اور ہم ان کو سیٹ پر بہت تنگ کرتے ہیں ہمارا یہ مقصد نہیں تھا کہ ہم ان کا تمسخر اُڑائیں، آپ لوگوں نے تصویر کا صرف ایک رُخ دیکھا ہے اس لیے آپ لوگ بول پڑے ہیں جب کہ ایسا نہیں ہے۔
تاہم دونوں اداکاراؤں کی وضاحت کے بعد بھی مداحوں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔