دنیا
Time 13 مئی ، 2019

بالاکوٹ حملے سے متعلق بیان پر مودی سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے

کیا ٹونک پیتے ہیں، آپ کے بٹوے میں ہر شعبے کا فارمولا ہے سوائے جاب، معیشت اور صنعتی ترقی کے، اپوزیشن رہنما — فوٹو: فائل 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بالاکوٹ حملے میں ریڈار سگنلز سے متعلق بیان پر سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے۔

بھارتی وزیراعظم نے مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران بالاکوٹ میں نام نہاد بھارتی فضائیہ کی اسٹرائیک سے پہلے کی روداد سنائی۔

مودی کا انڈیا کے ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر نیوز نیشن نامی چینل کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ 'نو بجے ایئر اسٹرائیک کی تیاری کے بارے میں ریویو کیا، پھر 12 بجے ریویو کیا، ہمارے سامنے مسئلہ تھا کہ اس وقت اچانک موسم خراب ہو گیا اور بہت بارش ہوئی، میں حیران ہوا ابھی تک ملک کے اتنے بڑے پنڈت لوگ مجھے گالیاں دیتے ہیں ان کا دماغ یہاں نہیں چلتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ '12 بجے، یہ بھی میں پہلی بار بول رہا ہوں، ایک پل ہمارے دل میں آیا اس موسم میں ہم کیا کریں؟ بادل ہیں جا پائیں گے یا نہیں؟ اس وقت ایکسپرٹ کی رائے تھی کہ تاریخ بدل دیں لیکن اس وقت میرے ذہن میں دو خیال آئے کہ ایک سیکریسی، ابھی تک سب سیکرٹ ( راز ) تھا، رازداری میں اگر ڈھیل ہوئی تو ہم کچھ کر ہی نہیں سکتے'۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'دوسری بات، میں ایسا شخص نہیں ہوں جو ان سب سائنس کو جانتا ہے لیکن میں نے کہا اتنا بادل ہے، بارش ہو رہی ہے تو ایک فائدہ ہے، کیا ہم ریڈار سے بچ سکتے ہیں؟ میں نے کہا کہ یہ میری سوچ ہے کہ بادلوں سے فائدہ بھی ہوسکتا ہے لیکن سب الجھن میں تھے کہ کیا کریں، پھر بالآخر میں نے کہا اوکے، جائیے، پھر چل پڑے'۔

بھارتی وزیراعظم کے انٹرویو پر بھارت کی اپوزیشن جماعتیں اور سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے اور انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر ’انٹائر کلائوڈ کور‘ یعنی پوری طرح بادل کے پردے کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا۔ 

اپوزیشن رہنما اسد الدین اویسی نے مودی کے انٹرویو پر ٹوئٹ میں لکھا کہ سر آپ تو غضب کے ایکسپرٹ ہیں، گزارش ہے کہ چوکیدار ہٹا دیجیے اور ایئر چیف مارشل اور پردھان لکھیے، کیا ٹونک پیتے ہیں، آپ کے بٹوے میں ہر شعبے کا فارمولا ہے سوائے روزگار، معیشت اور صنعتی ترقی کے۔ 

مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے معروف رہنما سیتا رام یچوری نے کہا کہ مودی کے الفاظ صحیح معنوں میں شرمناک ہیں، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ ہماری فضائیہ کی بے عزتی ہیں کہ وہ ناواقف اور غیر پیشہ ور ہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ وہ جو باتیں کر رہے ہیں وہ اپنے آپ میں ملک مخالف ہے، کوئی بھی وطن پرست ایسا نہیں کرے گا۔

بھارتیہ جنتا پارٹی نے وزیر اعظم مودی کے انٹرویو کی تشہیر کے لیے جو ٹویٹ کی تھی وہ اب ہٹا لی گئی ہے تاہم اس پر عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ ٹوئٹ بادلوں میں کھو گئی لیکن خوش قسمتی سے اس کے سکرین شاٹ تیر رہے ہیں۔

مزید خبریں :