کھیل

2022 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کو پاکستان لانے کیلئے پی سی بی کی کوششیں تیز

1999 کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا کوئی دورہ نہیں کیا— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر امید ہے کہ اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے کھل جائیں گے اور مرحلہ وار انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پاکستان آنا شروع ہوں گی۔

رواں سال ستمبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرے گا جبکہ آئندہ سال ایم سی سی کی ہائی پروفائل ٹیم پاکستان آئے گی۔ اگلے تین سال میں پاکستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کرکے اس جمود کو توڑنا چاہتا ہے۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں ایک مربوط پروگرام تشکیل دیا ہے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے بتایا کہ 27 اور 28 مئی کو سنگا پور میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہورہی ہے جہاں میں اور احسان مانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ میٹنگ میں ہم سری لنکا کرکٹ سے ستمبر اکتوبر کی سیریز کیلئے بات پکی کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ جون میں سری لنکا سے سیریز کی تفصیلات طے ہوجائیں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ ملتوی ہوا تھا۔ اب پاکستان انڈر 19 ٹیم 26 مئی سے 5 جون تک سری لنکا جارہی ہے۔ پاکستان ٹیم وہاں پانچ ون ڈے میچ ہمبنٹوٹا میں کھیلے گی۔ سری لنکا نے ہمیں سیکیورٹی کا جامع پلان بھیجا ہے اور ہم سری لنکا والوں سے دہشت گردی کے باعث اظہار یکجہتی بھی کررہے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ اگلے سال ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، مجھے امید ہے اور ایم سی سی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی ایک ہائی پروفائل کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجے گا، انگلینڈ میں میری انگلش کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے بات چیت ہوئی ہے، 2022 میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے اس سے قبل ہم انہیں قائل کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات اب بہت بہتر ہیں اس لیے آپ اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹام ہیری سن اگلے دو تین ماہ میں پاکستان آرہے ہیں، ہم انہیں سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے، یہ مثبت قدم ہے، ابھی ٹام ہیری سن نے پاکستان آنے کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن مجھے امید ہے کہ ہم دو سال میں انگلش ٹیم کو پاکستان لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ 1999 کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانا بھی ہمارے لیے بڑا ٹاسک ہے، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور سی ای او کیون رابرٹسن ورلڈ کپ دیکھنے انگلینڈ جارہے ہیں واپسی پر دونوں دو دن کیلئے لاہور آرہے ہیں، چیئرمین احسان مانی ان سے براہ راست رابطے میں ہیں، 2022 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے ہم کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو کو لاہور بلا کر ان سے مذاکرات شروع کررہے ہیں۔

ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ حکومت غیر ملکی ٹیموں کو لانے کیلئے اپنے طور پر کوششیں کررہی ہے ہم نے اپنے انداز میں بورڈز کے سربراہوں کو پاکستان بلاکر انہیں سیکیورٹی پر بریفنگ دینے کا فیصلہ کیاہے، امید ہے کہ ہماری ڈپلومیسی اور کوششیں جلد رنگ لائیں گی۔

مزید خبریں :