کھیل

فاسٹ بولر جنید خان ورلڈ کپ 2019 کی ٹیم سے آؤٹ

قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں میں جنید خان بھی شامل تھے۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ 2019 سے پہلے قومی کرکٹ ٹیم ہیڈنگلے لیڈز پر انگلینڈ کے خلاف پانچواں اور آخری ون ڈے کھیل رہی ہے، اس میچ کے لیے ٹیم پاکستان میں بائیں ہاتھ کے تیز بولر شاہین شاہ آفریدی کو 29 سالہ جنید خان کو ڈراپ کر کے واضع پیغام دے دیا گیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

یاد رہے انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی قومی سلیکشن کمیٹی نے جب 2019 ورلڈ کپ کے لیے 15کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا تو اس میں جنید خان کا نام شامل تھا۔

البتہ انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ برج ناٹنگھم کے چوتھے ون ڈے میں 85 رنز کے بدلے ایک وکٹ کی کارکردگی پیش کرنے والے جنید خان ٹیم مینجمنٹ کے دل سے اتر گئے اور اب ٹیم مینجمنٹ نے بولنگ کے ساتھ ناٹنگھم میں فیلڈنگ میں کوتاہی برتنے پر جنید خان کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پاکستان کے لئے 76 ون ڈے میچوں میں 29.33 کی اوسط سے 110 وکٹیں لینے والے جنید خان 2011 کا ورلڈ کپ ضرور کھیلے تھے تاہم ان کے لیے ٹورنامنٹ بغیر میچ کھیلے ہی ختم ہو گیا تھا۔

بائیں ہاتھ کے تیز بولر کوچ مکی آرتھر کے پسندیدہ بولر کبھی نہیں رہے، کوچ کا شکوہ ہے کہ جنید خان نے اپنی فٹنس کے معاملات پر ان کو کبھی اعتماد میں نہیں لیا، بالخصوص 7 نومبر 2018 کو نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی میں جہاں جنید خان نے 9 اوورز میں 56 رنز دئیے، وہ ان فٹ کھیلے، جس کی وجہ سے سیریز کے باقی میچوں کے لیے وہ دستیاب نہیں رہے۔

اگرچہ ایشیا کپ 2018 میں بنگلا دیش کے مقابلے پر ابوظہبی میں 26 ستمبر کو بائیں ہاتھ کے تیز بولر نے 4/19 کی پرفارمینس پیش کی تھی تاہم اس میچ میں بھی ٹیم پاکستان کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کر نا پڑا تھا۔

2016 میں قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے والے مکی آرتھر کے دور میں جنید خان اسکواڈ میں تو شامل رہے البتہ انہیں متعدد میچوں میں ڈریسنگ روم تک محدود رکھا گیا۔

مکی آرتھر کی کوچنگ میں جنید خان نے 24 بین الاقوامی ون ڈے کھیلے جہاں انہوں نے 32 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید خبریں :