22 مئی ، 2019
بینونی : پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار ٹی 20 کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنانے والی ایشیا کی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار نے جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے ٹی 20 میچ میں 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ٹی 20 کرکٹ کی دوسری تیز ترین نصف سنچری بنائی۔
ندا ڈار نے میچ میں جارحانہ اننگز کھیلی اور مجموعی طور پر 37 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی سوفی ڈیوائن 18 گیندوں پر ففٹی بناکر ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں جب کہ ندا ڈار اب دوسرے نمبر پر ہیں۔
چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا وویمن نے پاکستان وویمن کو 4 وکٹ سے ہرا دیا۔ ہوم ٹیم نے 173 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا۔
بینونی میں پاکستان وویمن کا آغاز مایوس کن رہا۔اوپنرز 10رنز پر پویلین لوٹ گئیں۔
پھر کپتان بسما معروف اور ندا ڈار نے شاندار بیٹنگ کی ، ندا نے صرف 20 گیندوں پر ففٹی مکمل کی ، جو ایشیا کی تیز ترین اور دنیا دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔
بسمہ 37 رنز بنا گئیں۔ ندا نے صرف 37 گیندوں پر 75رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جو کسی بھی پاکستانی کا بہترین اسکور ہے۔
عالیہ ریاض نے 35رنز بنائے ، پاکستان کا اسکور 5وکٹ پر 172رنز رہا۔
جواب میں جنوبی افریقا کی اوپنر لیزیلی لی نے 31 گیندوں پر60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقا نے ہدف 20ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹ پر حاصل کر لیا۔ پانچ میچز کی سیریز اب 2-2 سے برابر ہو گئی ہے جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔