24 مئی ، 2019
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے نجی ٹی وی پر نشر کی جانے والی چیئرمین نیب جاوید اقبال سے متعلق خبر کی سختی سے تردید کردی۔
نیب اعلامیے کے مطابق نجی چینل کی خبر جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے، یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد نیب اور چیئرمین نیب کی ساکھ مجروح کرنا ہے۔
اعلامیے میں نجی چینل کی آڈیو ٹیپ جس میں ایک آواز جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال سے منسوب کی گئی، آڈیو میں کوئی مرد ایک خاتون سے بظاہر ناشائستہ گفتگو کر رہا ہے، اسے بلیک میلرز گروہ کا جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا۔
اعلامیے میں بیان کیا کہ ادارے نے تمام دباؤ اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے اس بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ ریفرنس کی بھی منظوری دی ہے۔
نیب کے مطابق بلیک میلر گروپ کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں 42 ایف آئی آر درج ہیں، جن میں بلیک میلنگ، اغوا برائے تاوان، نیب اور ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر سرکاری و دیگر افراد کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے لوٹنے کے ثبوت نیب کے پاس موجود ہیں۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ خبر بھی بلیک میلنگ کر کے نیب ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے، بلیک میلر گروپ کا سرغنہ فاروق اس وقت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہے۔
خبر نشر ہونے پر وزیر اعظم آفس نے طاہر اے خان کو حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا۔