30 مئی ، 2019
لاہور: وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ سے متعلق کیس میں عدالت سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ریکارڈ طلب کر لیا۔
سابق وزیراعلیٰٗ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امجد علی کی عدالت میں ہوئی۔
شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر عمران خان کو رشوت آفر نہیں کی لیکن عمران خان نے جھوٹا بیان دیکر شہرت کو نقصان پہنچایا۔
وکیل شہباز شریف نے استدعا کی کہ عدالت عمران خان کو 100 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔
دوسری جانب عمران خان کے وکلاء نے شہباز شریف کے خلاف تمام انکوائریز کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
عدالت نے شہباز شریف کے خلاف انکوائری کی درخواست پر شہباز شریف کے وکلاء سے جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے شہباز شریف کے وکلاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔