کھیل
Time 03 جون ، 2019

معین خان اور شعیب اختر کی لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان اور اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی۔

ایک نجی ٹی وی پر تجزیہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے کہا کہ ان کا وزن بڑھ گيا ہے اور انہیں وکٹ کیپنگ میں مسائل پیش آ رہے ہیں۔

شعیب اختر کے اس بیان پر معین خان سرفراز کے دفاع میں سامنے آئے اور شعیب اختر کے کریئر کے دوران ان کی فٹنس پر سوالات اٹھا دیئے۔

معین خان نے کہا کہ شعیب اختر انضمام الحق کی کپتانی میں بھی کھیلے لیکن انہوں نے کبھی ان کی فٹنس پر سوال نہیں اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر خود اپنی فٹنس کے حوالے سے سنجیدہ نہیں تھے، اگر وہ سنجیدہ ہوتے تو پاکستان کے لیے 400 سے 500 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے۔

پھر کیا تھا، شعیب اختر نے توپوں کا رخ معین خان کی طرف کر لیا اور کہا کہ آپ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلے لیکن ہماری بدقسمتی تھی کہ ہم معین خان کی کپتانی ميں کھیلے۔

شعیب اختر نے کہا کہ معین خان صاحب، 450 انٹرنیشنل وکٹیں تو میں نے لے رکھی ہیں لیکن اگر آپ پاکستان کے ساتھ سنجیدہ ہوتے تو جس وقت راشد لطیف آئے تھے جو ایک بہتر بہتر بلے باز، بہتر وکٹ کیپر اور بہتر انسان تھے، تو آپ کو گلوز چھوڑ دینے چاہیے تھے۔

مزید خبریں :