بحیرہ عرب میں ٹراپیکل سائیکلون کا خطرہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

سائیکلون کا رخ کراچی کی ساحلی پر ہوگا یا نہیں یہ چار دن میں واضح ہوگا، محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو احتیاط برتنے اور گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے— فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود ڈیپریشن کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ 

ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران یہ ڈیپریشن ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہوجائے گا، بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ سائیکلون بننے کی صورت میں اسے 'وایو' کا نام دیا جائے گا۔

ڈپریشن کراچی کے جنوب میں 1500کلومیٹر دور،جبکہ بھارتی ساحل لکشادویو پر موجود ہے جہاں یہ سسٹم بارشیں برسا رہا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق ابتدائی طور پر سسٹم شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں اس سسٹم سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔

سائیکلون کا رخ کراچی کی ساحلی پر ہوگا یا نہیں یہ چار دن میں واضح ہوگا البتہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ کے ماہی گیروں کو احتیاط برتنے اور گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سائیکلون بننے اور اس کا رخ جنوب کی جانب ہونے کی صورت میں کرا چی شہر میں گرمی کی شدت میں مذید اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن کے دوران پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، آئندہ دو دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ جون میں پڑنے والی معمول کی گرمی ہے، نمی کا تناسب زائد ہونے کی صورت میں درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس کی جائے گی۔

 محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ موجودہ سسٹم کی معلومات کیلئے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔

مزید خبریں :