کھیل
Time 12 جون ، 2019

فخر زمان کا بیٹنگ اسٹائل بدل سکتے ہیں اور نہ کوئی ایسا چاہتا ہے: امام الحق

فخر زمان کا ایک مختلف کردار اور ان کا بیٹنگ اسٹائل بھی مختلف ہے: امام الحق۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے سلامی بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ نہ ہم فخر زمان کا بیٹنگ اسٹائل بدل سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی ایسا چاہتا ہے۔

کرک انفو کو انٹرویو دیتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا ایک مختلف کردار ہے اور ان کا بیٹنگ اسٹائل بھی مختلف ہے، نہ تو کوئی فخر زمان کے بیٹنگ اسٹائل کو تبدیل کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ایسا چاہتا ہے۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ اگر فخر زمان جلدی آؤٹ ہو جاتے ہیں تو مجھ پر اور بابر اعظم پر ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں اور ہم دونوں میں سے جو بھی سیٹ ہو جاتا ہے اسے لمبی اننگز کھیلنی ہوتی ہے۔

قومی ٹیم کے بلے باز نے مزید کہا کہ انگلینڈ کی وکٹوں پر سیٹ ہونے کے بعد آپ خود کو ریلکس کرتے ہیں، اپنی اننگز کو آگے بڑھاتے اور اسٹرائیک ریٹ کو تیز کر سکتے ہیں۔

امام الحق نے کہا کہ جب میں فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کر رہا ہوتا ہوں تو مجھ پر اتنا دباؤ نہیں ہوتا کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ اس کا کام جارحانہ کھیلنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں فخر زمان اور بابراعظم جب ایک دوسرے کے ساتھ بیٹنگ کر رہے ہوتے ہیں تو پراطمینان ہوتے ہیں اور ہمارے درمیان بہت اچھی انڈر اسٹینڈنگ ہے۔

مزید خبریں :