دنیا
Time 13 جون ، 2019

سوڈان میں سوشل میڈیا کیوں نیلے رنگ میں رنگ گیا؟

سوڈان : سوشل میڈیا صارفین اپنی پروفائل پکچر کو نیلے رنگ میں تبدیل کر رہے ہیں جو عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ایک سوڈانی لڑکے کے قتل کے خلاف ایک طرح کا احتجاج اور نوجوان سے ا ظہارِ یکجہتی کیلئے ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج کے ہیڈکوارٹر کے باہر  پرامن احتجاج کیا جارہا تھا۔ مظاہرین فوج سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ اقتدار سول انتظامیہ کے سپرد کرے۔

احتجاج میں شامل 26 سالہ انجینئر اور لندن کے برونیل یونیورسٹی کے گریجویٹ محمد مطار کو 3 جون کو ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی جانب سے گولی مار دی گئی، اس لڑکے نے احتجاج میں شامل دو خواتین کو نقصان سے بچانے کی کوشش کی تھی۔

اس نوجوان کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ بلیو فار سوڈان مظاہرین کو خراج عقیدت پہنچانے کیلئے  پھیلایا جارہا ہے۔

نیلا رنگ محمد ہاشم مطار کا پسندیدہ رنگ تھا جس کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین اپنی پروفائل تصاویر کو نیلے رنگ میں تبدیل کررہے ہیں۔

ایک سوڈانی سوشل میڈیا صارف نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے  کہا کہ ہم اس مہم سے سوڈان کے بارے میں دنیا کو بتانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ سوڈان میں گزشتہ برس دسمبر سے حالات کشیدہ ہیں، عوام نے مہنگائی کی وجہ سے اس وقت کی حکمران جماعت کیخلاف احتجاج شروع کیا تھا اور حکمران جماعت کے ہیڈکوارٹر کو نذر آتش کردیا تھا۔

وقت کے ساتھ ساتھ صدر عمر البشیر کیخلاف عوامی غصہ مزید بڑھ گیا اور پرتشدد مظاہروں میں اضافہ ہوگیا۔

رواں برس اپریل میں فوج نے ملکی کشیدہ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ دیا اور اقتدار پر قبضہ کرلیا۔

اب مہنگائی کیخلاف مظاہرہ کرنے والے سوڈانی عوام نے اپنے احتجاج کا رخ فوجی آمریت کی طرف موڑ دیا ہے اور سول انتظامیہ کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں جس کی وجہ سے آئے دن مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

مزید خبریں :