Time 15 جون ، 2019
پاکستان

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو تھپڑ جڑ دیا

متعلقہ اینکر پرسن اپنے چینل کے لیے مراعات چاہتے تھے ، فواد چوہدری — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو شادی کی تقریب میں سب کے سامنے تھپڑ مار دیا۔ 

نجی ٹی وی کے اینکر پرسن نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری پر عمران خان کی حکومت کے خلاف سازش کے الزامات عائد کئے تھے جس پر وفاقی وزیر نے پیمرا کو درخواست دی اور اینکر پرسن کے الزامات کو مسترد کیا تھا۔

اینکر پرسن نے فواد چوہدری پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ عمران خان کو ہٹانےکی سازش میں مبینہ طور پر شریک ہیں اور پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں۔

فواد چوہدری کا جواب میں کہنا تھا کہ متعلقہ اینکر پرسن اپنے چینل کے لیے مراعات چاہتے تھے جس سے انکار کرنے پر وہ بھڑک اٹھے اور اب الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔

گزشتہ دنوں دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر لڑائی کافی تندوتیز جملوں پر پہنچی تھی اور ایک دوسرے پر الزامات کے ساتھ ساتھ نازیبا الفاظ بھی استعمال کیے گئے تھے لیکن اب سوشل میڈیا کی لڑائی نے حقیقت کا روپ دھار لیا ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور نجی ٹی وی چینل کے اینکر کے درمیان گزشتہ رات شادی کی تقریب میں ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جہاں فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کے اینکر کو شادی کی تقریب میں سب کے سامنے تھپڑ رسید کیا۔

فواد چوہدری کے مطابق کل ایک ذاتی مسئلہ تھا جو کہ 4 سے 5 ماہ سے چل رہا تھا، اس معاملے پر کیس بھی دائر ہیں، ہر انسان کی چھوٹی موٹی لڑائی ہو جاتی ہے۔

نجی ٹی کے اینکر پرسن نے پولیس کو واقعے سے متعلق درخواست دی ہے جس پر پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :