16 جون ، 2019
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی تاہم بارش سے متاثر گراؤنڈ کو خشک کرنے کے لیے رات گئے انتظامیہ نے کام جاری رکھا۔
مانچسٹر میں ان دنوں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کا پچاس فیصد امکان ظاہر کیا ہے۔
گزشتہ روز بھی مانچسٹر میں تیز بارش ہوئی جو کہ رات گئے تھم گئی جس کے بعد گراؤنڈ اسٹاف نے فلڈ لائٹس آن کر کے گراؤنڈ کو سُکھانے کے لیے رات گئے کام جاری رکھا۔
تاہم آج صبح سویرے سے مانچسٹر کا موسم سرد اور خشک ہے۔
دوسری جانب مانچسٹر کی مساجد میں پاک بھارت میچ میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے نماز فجر میں دعائیں مانگی گئیں۔
اُدھر بھارت کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل کھلاڑیوں نے مانچسٹر میں تین دن انتہائی مصروف گزارے۔
کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کے بعد مختلف تقاریب میں شرکت کی جہاں پرستاروں نے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور سوشل میڈیا پر شیئر کیں جو خوب وائرل ہیں۔
ایک تصویر میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ساتھ وہاب ریاض بھی نمایاں ہیں جب کہ ایک فاسٹ فوڈ کے افتتاح میں کپتان سرفراز احمد بھی موجود ہیں۔
مانچسٹر میں ہزاروں لوگ میچ دیکھنے کے لیے موجود ہیں جہاں رات بھر مختلف سڑکوں اور پاکستانی ریسٹورنٹس میں بھی رش دیکھنے کو ملا۔