17 جون ، 2019
کرکٹ ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ میں بھارت کے خلاف فیلڈنگ کے دوران جمائیاں لینے پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں۔
بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم شکست کے بعد شدید مشکلات سے دوچار ہے اور سیمی فائنل کھیلنے کا خواب بھی ماند پڑتا جارہا ہے تو وہیں شائقین کپتان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے نالاں ہیں۔
کپتان سرفراز احمد کی میچ کے دوران جمائیاں لینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور ٹوئٹر صارفین انہیں شدید تنقید کا نشانہ بھی بنارہے ہیں۔
سرفراز احمد کی تصاویر اس تیزی سے وائرل ہورہی ہیں کہ ٹوئٹر پر 'سرفراز کو گھر بھیجو' کا ہیش ٹیگ دوسرا مقبول ترین ہیش ٹیگ بن چکا ہے۔
ٹوئٹر صارفین کی جانب سے کپتان پر کی جانے والی تنقید
دانیال خان نے ایک تصویر شیئر کی جس میں کپتان سرفراز احمد کی میم کو درس گاہ میں دکھایا گیا جس پر تبصرہ کرتے ہوئے صارف لکھتے ہیں کلاس روم میں صبح کا لیکچر کچھ اس طرح ہوتا ہے۔
سیماب ثاقب لکھتے ہیں کیا خوب نام دیا ہے، ریلو کٹا۔
ایک ٹوئٹر صارف ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوال پوچھتے ہیں 'کیا کپتان سرفراز احمد بھی گزشتہ رات شیشہ کیفے میں موجود تھے؟'۔
ڈاکٹر عاصم خان لکھتے ہیں، یہ تصویر کپتان کی لیڈرشپ کی خصوصیات، عزم، جسمانی اور ذہنی صحت کو ظاہر کرتی ہے۔
ناظم علی لکھتے ہیں چستی کے بجائے سستی، وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد جمائیاں لیتے رہے۔