23 جون ، 2019
نئی دہلی: کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی پے درپے شکست کے بعد ٹیم اور خاص طور پر کپتان سرفراز احمد شدید تنقید کی زد میں ہیں تاہم بھارتی اداکار رتیش دیش مکھ سرفراز کی حمایت میں بول پڑے۔
پاک بھارت میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی نے کرکٹ شائقین کو مایوس کردیا ہے جس کے بعد کھلاڑیوں کو تنقید کا سامنا ہے یہاں تک کہ انگلینڈ میں ان کے ساتھ ہراسانی کے مختلف واقعات بھی پیش آئے۔
گزشتہ دو روز سے ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کرکٹ مداح کپتان سرفراز احمد کو نازیبا الفاظ سے نواز رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز اپنے بیٹے کے ہمراہ ہیں نازیبا الفاظ پر انہیں شدید غصہ آتا ہے لیکن وہ اپنے جذبات پر قابو پا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شائقین جہاں قومی کرکٹ ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے وہیں مداح کپتان سرفراز کو سپورٹ کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔
بھارتی اداکار رتیش دیش مکھ نے بھی ٹوئٹر پر سرفراز احمد کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ہر کپتان نے اہم میچ میں شکست کھائی ہے، سرفراز اس (ہراسانی) کے حقدار نہیں، یہ ہراسانی ہے اور وہ اپنے بچے کے ساتھ ہیں۔