کھیل
Time 24 جون ، 2019

شکیب الحسن کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی، افغانستان کو 62 رنز سے شکست

شکیب الحسن وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: آئی سی سی

ساؤتھمپٹن: انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ کے 31 ویں میچ میں شکیب الحسن کی شاندار بولنگ اور بیٹنگ کی بدولت بنگلا دیش نے افغانستان کو 62 رنز سے شکست دیدی۔

ہیمشائر باؤل کرکٹ اسٹیڈیم میں افغان کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

فوٹو: آئی سی سی

بنگلا دیش نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بنگال اوپنرز ٹیم کو بہت اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور بنگلا دیش کی پہلی وکٹ 23 پر گر گئی، اوپنر لٹن داس 16 رنز بنا کر مجیب کا شکار بنے۔

جس کے بعد سینئر بلے باز تمیم اقبال اور شکیب الحسن کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور 83 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 36 رنز بنا کر محمد نبی کا شکار ہو گئے۔

83 کے مجموعی اسکور پر تمیم اقبال 36 رنز بنا کر محمد نبی کا شکار ہو گئے۔: فوٹو آئی سی سی

شکیب الحسن نے ایک بار پھر بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن حالیہ ورلڈ کپ میں 476 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر بن چکے ہیں۔

بنگلا دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے بھی ذمے درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

محمود اللہ نے 27 اور مصدق حسین نے 35 رنز بنا کر مقررہ 50 اوورز میں اپنی ٹیم کا اسکور 262 رنز تک پہنچایا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نمایاں بولر رہے اور انہوں نے 39 رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا:ٖفو ٹو :آئی سی سی

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نمایاں بولر رہے اور انہوں نے 39 رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اس کے علاوہ گلبدین نائب نے 2 جب کہ دولت زدران اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلا دیش کی جانب سے دیئے گئے 263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور رحمت شاہ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 49 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

افغانستان کی جانب سے سمیع اللہ شنواری اور گلبدین نائب کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی بنگلا دیشی بولرز کے سامنے ڈٹ کر کھڑا نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 47 اوورز میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

فوٹو: آئی سی سی

سمیع اللہ شنواری 49 اور گلبدین نائب 47 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ رحمت شاہ نے 24 اور نجیب اللہ زدران نے 23 رنز بنائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اپنا جادو دکھایا اور صرف 29 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شکیب الحسن ورلڈ کپ کے کسی میچ میں ففٹی اسکور کرنے کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر بھی بن گئے۔

اس کے علاوہ شکیب الحسن حالیہ ورلڈ کپ میں سب سے کم رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بھی بن گئے ہیں۔ پاکستان کے محمد عامر 30 رنز دیکر 5 شکار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

شکیب الحسن سے قبل یہ کارنامہ بھارت کے یووراج سنگھ نے 2011 میں ہونے والے ورلڈکپ میں انجام دیا تھا۔

شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

بنگلا دیش کی پوائنٹس ٹیبل پر ٹیم 7 میچز میں سے 3 جیت کر 7 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آ گئی ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم 7 کے 7 میچز میں شکست کے بعد دسویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔


مزید خبریں :