صحافی سے بدسلوکی پر پی ٹی آئی رہنما کی پارٹی رکنیت معطل

صحافی کو تھپڑ مارنے کے واقعے سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں: فردوس عاشق۔ فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے نجی ٹی وی کے شو کے دوران صحافی سے بدسلوکی کرنے پر سندھ کے رہنما مسرور سیال کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو کے دوران تحریک انصاف کے رہنما مسرور سیال نے کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران کو تھپڑ مارا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

اس واقعے کے بعد ملک بھر کی صحافی برادری اور سیاسی رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کی اور کراچی، لاہور اور اسلام آباد پریس کلب میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے 3 روز تک داخلے پر پابندی بھی عائد کر دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تحریک انصاف کے صوبائی رہنما کی جانب سے صحافی کو تھپڑ مارنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کو تھپڑ مارنے کے واقعے سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

دوسری جانب صحافی سے بدسلوکی پر تحریکِ انصاف نے اپنے رہنما کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سابق صدر ملیر ڈسٹرکٹ مسرور علی سیال کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مرکزی سیکریٹری جنرل ارشد داد کی جانب سے باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں مسرور علی سیال سے 14 روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاملہ مزید کارروائی کے لیے قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب کو بھجوا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :