29 جون ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 15 ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات بنی گالہ میں ہوئی جہاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان پنجاب اسمبلی کے نام فی الحال سامنے نہیں آئے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے لیگی ارکان پنجاب اسمبلی کی وزیراعظم سے ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے 15 ایم پی ایز نے بنی گالا میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب بھی شریک تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیگی ارکان اسمبلی کی اپنی قیادت سے مایوسی وزیراعظم سے ملاقات میں عیاں تھی۔
نعیم الحق کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وفاقی بجٹ کے ساتھ ساتھ پنجاب کا بھی مالی سال 20-2019 کا بجٹ اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے۔