Time 04 جولائی ، 2019
پاکستان

’وزیراعظم عمران خان 22 جولائی کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے‘


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ امریکا کے دوران 22 جولائی کو صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں 10 کشمیریوں کو شہید کیا، بے گناہ کشمیریوں کو نام نہاد سرچ آپریشنز کے دوران شہید کیا گیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں پر تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت سزائیں دی جاری ہیں، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف وزری کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کشمیری مسلمانوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ امریکا سے متعلق بتایا کہ وزیراعظم عمران خان 22 جولائی کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات پر بات چیت کی جائے گی۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات کا ایجنڈا سفارتی سطح پر طے کیاجارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ کرتارپور راہداری کے حوالے سے مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں جب کہ افغان امن عمل میں پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے، پاکستان ایک نتیجہ خیز افغان ڈائیلاگ کا خواہاں ہے، پاکستان نے موجودہ افغان امن عمل کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :