06 جولائی ، 2019
کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 10 روپے من مانے اضافے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈیری فارمرز ایسو سی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر کے مطابق مختلف ایسوسی ایشنز نے دودھ کی قیمت میں 10 روپے اضافے کے ساتھ 95 سے 105 روپے فی لیٹر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیری فارمرز 2 ماہ پہلے بھی دودھ مہنگا کرنا چاہتے تھے لیکن کمشنر کراچی نے کوشش ناکام بنادی تھی اور اب کراچی کے ڈیری فارمرز ایک بار پھر سے دودھ کی قیمت میں اضافہ چاہتے ہیں۔
شاکر عمر گجر کا کہنا تھا کہ اب بھی کمشنر کراچی دودھ کی قیمت میں اضافے کی اجازت نہیں دے رہے۔
دوسری جانب کمشنر کراچی نے دودھ کے نرخ میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان کے مطابق کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنروں اور ریونیو اہلکاروں کو فیلڈ میں جانے کی ہدایات دی ہیں، زائد قیمتوں پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس حوالے سے کمشنر نے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا ہےکہ سرکاری نرخ سے زائد نرخ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا۔
علاوہ ازیں کراچی کے بعض علاقوں میں دودھ 105 روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جس پر سندھ حکومت نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔