Time 12 جولائی ، 2019
پاکستان

شہبازشریف نے نوازشریف کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا

فائل فوٹو: شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی سفارش پر رد عمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کو ہٹانے کے بعد نوازشریف کےخلاف فیصلہ کالعدم ہوچکا ہے اس لیے نوازشریف کے خلاف دباؤ کے تحت دیے گئے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں اور انصاف کے تقاضے پورے انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور اس سے جڑے تمام حقائق سچ ثابت ہوگئے ہیں، جج کو ہٹانے کے بعد نوازشریف کو جیل میں رکھنے کا جواز ختم ہوگیا اور انہیں جیل میں ایک منٹ بھی رکھنا اب غیر قانونی ہے۔

ثابت ہوگیا مریم کے حقائق درست ہیں: مریم اورنگزیب

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر رد عمل میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ مریم نواز جو حقائق عوام کے سامنے لائیں وہ درست ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف فیصلے کی قانونی حیثیت بھی خود بخود ختم ہوگئی ہے، ان کے خلاف فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا جائے اور فوری طور پر انہیں رہا کیا جائے۔

مزید خبریں :