Time 13 جولائی ، 2019
پاکستان

کراچی پولیس نے شہری کا گمشدہ سامان تلاش کرکے واپس لوٹا دیا

لندن پلٹ تاجر ائیرپورٹ پر 2 ہزار پاؤنڈز، آئی فون اور سفری بیگ بھول گیا تھا جس میں قیمتی سامان موجود تھا — فوٹو: جیو نیوز 

کراچی: ائیرپورٹ پولیس نے لندن پلٹ ایک پاکستانی تاجر کے گمشدہ 2 ہزار پاؤنڈز، آئی فون اور قیمتی سامان تلاش کرکے واپس لوٹا دیئے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والا تاجر عبدالرؤف 11 جولائی کو لندن سے عمان ائیرلائن کی پرواز ڈبلیو وائی 325 سے کراچی پہنچا تھا۔

عبدالرؤف نے رات 11 بجے پارکنگ میں تمام سامان کار میں منتقل کیا اور موبائل پر گفتگو کے دوران وہ ایک بیگ ٹرالی میں ہی بھول گیا اور کار میں سوار ہو کر اپنے گھر کے لیے روانہ ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گھر پہنچ کر چھوٹا سفری بیگ کار میں نہ پاکر عبدالرؤف گھر سے واپس کراچی ائیرپورٹ آیا، کافی تلاش کے باوجود بیگ نہ ملا تو عبدالرؤف نے ائیرپورٹ پولیس اسٹیشن پہنچ کر بیگ چوری ہونے کی اطلاع دی۔

ایس ایچ او ائیرپورٹ انسپکٹر کلیم موسی نے بتایا کہ پولیس نے بیگ تلاش کرنے کے لیے کراچی ائیرپورٹ کے پارکنگ ایریا کے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی۔

شہری کا گمشدہ سامان — فوٹو: جیو نیوز

پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کے معائنے کے دوران ایک جیپ سوار شخص کو ٹرالی سے بیگ اٹھا کر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، جدید طریقے سے اس جیپ کا نمبر اور پتہ حاصل کرکے پولیس ملیر کے علاقے رفاع عام سوسائٹی میں پہنچی جہاں اہل خانہ بے بتایا کہ گاڑی کی مالک خاتون انتقال کرچکی ہے اور اہل خانہ نے جیپ اپنے ہی کسی جاننے والے دوسرے شہری کو فروخت کر دی تھی۔

ان کی مدد سے پولیس نے دوسرے گھر کا سراغ لگایا اور کوشش کے دوران بیگ لے جانے والے شخص کو پکڑ کر تمام سامان برآمد کرلیا۔

ایس ایچ کلیم موسیٰ کے مطابق سفری بیگ سمیت ملنے والے 2 ہزار پاؤنڈ، آئی فون اور دیگر قیمتی سامان پولیس نے تاجر عبدالرؤف کو واپس کردیا۔

بھاری رقم موبائل فون اور سامان ملنے پر عبدالرؤف نے ملزم کو معاف کرکے رہا کرایا۔

ایس ایچ او کلیم امام نے بتایا کہ تاجر عبدالرؤف نے ائیرپورٹ تھانے کی کارکردگی کی تعریف کی  تاہم پولیس نے تاجر کی جانب سے انعام لینے سے بھی معذرت کی ہے۔

مزید خبریں :