پاکستان
Time 17 جولائی ، 2019

منہ میں سونےکاچمچ لیکر پیدا ہونیوالے جدوجہد نہیں جعلسازی کر سکتے ہیں: فردوس عاشق

وزیراعظم عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں: فردوس عاشق اعوان۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ منہ میں سونے کا چمچ لیکر پیدا ہونے والے جدوجہد نہیں صرف جعلسازی کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کی منڈی بہاءالدین کی کارنر میٹنگ اور ورکرز کنونشنز ناکام ہو چکے، بیگم صفدر اعوان اب جی ٹی روڈ کے ٹریفک کا سہارا لینا چاہتی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانیوں کے دل کی آواز ہیں اور عمران خان کی عوامی مقبولیت سے حسد اور بغض رکھنے والوں کا احتجاج عوامی رنگ سے محروم ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ اب نہ پٹواری ماتحت ہیں اور نہ ہی تھانیدار، انہیں یہی تکلیف کھائے جا رہی ہےکہ قانون اُن سے بالاتر کیسے ہو گیا؟


ان کا کہنا ہے کہ عوام نے لٹیروں کو مسترد کر دیا ہے، عوام نے اب امانت اس قیادت کو دی ہے جو پاکستان کو خوشحالی اور روشن مستقبل کی راہ پر لے جائے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہیں عوام کا نہیں صرف اپنے اقتدار کی محرومی کا درد ہے، خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والے نئے پاکستان میں پہلی بار یکساں قانون سے بےبس ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :