پاکستان
Time 17 جولائی ، 2019

بارش کے پانی میں شہبازشریف کی کرپشن تیرتی نظر آئی: وزیر اطلاعات پنجاب

فائل فوٹو: صمصام بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے لاہور میں بارش کا پانی جمع ہونے پر شہبازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا اور بارش کے پانی میں خادم اعلیٰ کی کرپشن تیرتی نظر آئی۔

لاہور میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے صمصام بخاری نے کہا کہ بارش کے پانی میں شہبازشریف کی کرپشن تیرتی ہوئی نظر آئی، کارکردگی والوں کو ڈبکیاں لگاتے عوام کیوں نظر نہیں آتے؟ لانگ شوز پہن کر فوٹو سیشن کے علاوہ خادم اعلیٰ نے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چند بارشوں نے مسلسل 10 سالہ لیگی حکومت کا پول کھول دیا، میگا منصوبوں اور کرپشن سے توجہ ہٹتی تو لیگی حکومت کچھ کرتی، عوام پوچھتے ہیں کہ بڑے شہروں پر بھاری فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیرس بنانےکا دعویٰ کرنے والوں نے لاہور کو وینس بنا دیا، 6 مرتبہ حکومت کرنے والوں نےکبھی لانگ ٹرم منصوبہ بندی نہیں کی، کاش شہبازشریف نے اپنے بیٹوں اور داماد کو مثبت کاموں پر لگایا ہوتا، شریف فیملی ملک وقوم کی خدمت کرتی تو آج یہ حال نہ ہوتا۔

صمصام بخاری نے مزید کہا کہ جس شعبےکو دیکھیں شریفوں کی کرپشن سے اٹا ہوا نظر آتا ہے، موجودہ حکومت نے ہر شعبے میں اصلاحات کا کام شروع کردیاہے۔

مزید خبریں :