23 جولائی ، 2019
برطانوی حکمراں جماعت کنزر ویٹو پارٹی نے بورس جانسن کو وزیراعظم نامزد کر دیا۔
کنزرویٹیو پارٹی کے انتخابات میں بورس جانسن نے جرمی ہنٹ کو 92153 ووٹ لے کر شکست دی۔ جرمی ہنٹ ان کے مقابلے میں صرف 46656 ووٹ حاصل کر سکے۔
بورس جانسن نے وزراء اور پارٹی اراکین سے خطاب میں کہا کہ انہیں بریگزیٹ کو مکمل، ملک کو متحد کرنا ہے اور جیرمی کاربن کو شکست دینی ہے۔
بورس جانسن کی فتح پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ "وہ عظیم ہو گا۔"
برطانیہ کی موجودہ وزیراعظم ٹریزامے نے گزشتہ ماہ بریگزٹ ڈیل کی پارلیمنٹ سے منظوری میں ناکامی کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ٹریزا مے کل یعنی بدھ کو پارلیمنٹ سے الوداعی خطاب اور سوالات کے جوابات دیں گی جس کے بعد وہ اپنا استعفیٰ ملکہ برطانیہ کو پیش کریں گی۔
اس کے بعد بورس جانسن اپنی تعیناتی کی تصدیق کے لیے بکنگھم پیلس جائیں گے جہاں سے وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں بلیک ڈور نمبر 10 کے سامنے خطاب کریں گے۔