26 جولائی ، 2019
اسلام آباد: حکومت نے مضر صحت رنگ گورا کرنے والی کریموں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گُل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو کمپنیاں سستی کریمیں بیچ رہی ہیں وہ عوام کی جلد کو خراب کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت کاسمیٹکس بنانے اور بیچنے والی کمپنیوں کی مصنوعات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے کیونکہ پاکستان مینا ماٹا مرکری کنونشن کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی وزارت نے 59 مختلف لوکل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کی کریموں کے معیار کو جانچنے کے لیے لیباٹری میں بھیجا اور صرف 3 کمپنیاں بین الاقوامی معیار پر پورا اتریں۔
انہوں نے کہا کہ بقیہ 56 رنگ گورا کرنے والی کریموں میں خطرناک حد تک مرکری استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 31 دسمبر تک اس معاملے پر قانون سازی کے بعد کارروائی کی جائے گی۔