08 اگست ، 2019
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اپنے والد سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت پہنچیں تھیں جہاں سے نیب اہلکاروں نے انہیں حراست میں لیا۔
نیب نے اپنے اعلامیے میں مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔
نیب نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے حکم پر ڈاکٹرز کی ٹیم دونوں کا طبعی معائنہ کرے گی اور کل انہیں احتساب عدالت لاہور میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یوسف عباس نواز شریف کے بھتیجے ہیں اور انہیں بھی نیب نے مذکورہ کیس میں طلب کر رکھا تھا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ مریم نواز 31 جولائی کے سوالنامے کے تسلی بخش جواب نہیں دے سکی تھیں، جس پر انہیں آج یعنی 8 اگست کو نیب نے طلب کر رکھا تھا۔
نیب کی جانب مریم نواز کو دیئے گئے سوالنامے میں سرمایہ کاری اور اراضی سے متعلق مختلف سوالات کیے گئے ہیں۔
سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز چوہدری شوگر ملز کی تفصیلات فراہم کریں، مل کب لگائی گئی، سرمایہ کاری کہاں سے آئی اور شیئر ہولڈرز کون ہیں۔
سوالنامے میں مزید کہا گیا ہےکہ 21 مئی 2008 کی غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری کا جواب دیں اور 4 موضع جات میں خریدی گئی اراضی کی تفصیل بھی فراہم کریں۔
نیب حکام نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مریم نواز کو جیل نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کو نیب آفس میں الگ کمرے میں رکھا جائے گا، مریم نواز کی سکیورٹی پر خواتین اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے۔
نیب لاہور میں قائم ڈے کیئر سینٹر کو مریم نواز کیلئے سب جیل قراردیا گیا ہے، ویمن پولیس کو فوری طور پر نیب لاہور طلب کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ مریم نواز کو نیب نے گرفتار کر لیا جس پر وہ واک آؤٹ کرتے ہیں۔
اس دوران مسلم لیگ ن کے اراکین نے شدید احتجاج کیا اور شور شرابے کے باعث اسپیکر نے اجلاس جمعے کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔
ان کے ارادے کل ان کی بہن کو بھی گرفتار کرنے کے ہیں، آصف زرداری
آصف زرداری نے مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ارادے کل ان کی بہن کو بھی گرفتار کرنے کے ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بات نکلی ہے تو دور تلک جائے گی ، دوسروں کی بھی مائیں بہنیں ہیں ،ان سب کو پھر گرفتار کیا جائے گا۔
عمران اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیر پر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دیں، شہباز شریف
مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مریم نواز کی گرفتاری کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کیسا احتساب اور انصاف ہے کہ گرفتاری بعد میں ہوتی ہے اور خبر پہلے آجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کرنے پر گرفتار کیا گیا، حکومت ایسی اوچھی حرکتوں سے نواز شریف اور اس کے ساتھیوں کو نہیں جھکا سکتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیر پر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دیں۔
نئے پاکستان میں ضیاء دور کا طریقہ دہرایا جارہا ہے، بلاول بھٹو زرداری
مریم نواز کی گرفتاری پر بلاول بھٹو زرداری نے شدید ردعمل دیا، قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نےاپوزیشن کی ایک خاتون رہنما کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں ضیاء دور کا طریقہ دہرایا جارہا ہے، تاریخ یاد رکھے گی کہ عمران خان جو انصاف کی بات کرتے تھے بغیر کسی جرم کے مریم نواز کو گرفتار کیا۔
ہمیں نہیں پتہ تھا کہ یہاں مودی کے یاروں کی حکومت ہے، احسن اقبال
مریم نواز کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج انتہائی قدم اٹھایا گيا، کشمیر کی خاطر مشترکہ اجلاس میں یکجہتی کا پیغام دیا، 24 گھنٹوں میں اس خاتون کو گرفتار کرلیا گیا جس نے 2 روز پہلے سرگودھا میں اظہار یکجہتی کشمیر ریلی نکالی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ یہاں مودی کے یاروں کی حکومت ہے، وہ پاکستان کی بیٹی کشمیر کا مقدمہ لڑ رہی تھی، اس نے 15 اگست کو مظفرآباد جاکر بھارت کو پیغام دینے کا اعلان کیا تھا لیکن اس بزدل حکومت نے اسے گرفتار کرلیا۔