10 اگست ، 2019
اسلام آباد: گزشتہ ایک سال میں 10لاکھ 20ہزار37 افراد کے ٹیکس نظام میں آنے سے ٹیکس دہندگان کی تعداد 25لاکھ 13 ہزار 57 ہوگئی۔
9 اگست کو 2018 کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ تک ایف بی آر میں 25 لاکھ 13 ہزار57 افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے۔
2017 میں ٹیکس دہندگان کی تعداد 14 لاکھ 93 ہزار 20 تھی، ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارےجمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے بعد ایف بی آر نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے اور پہلے مرحلےمیں ایک کنال گھروں اور ایک ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس بھیجے جائیں گے اور مرحلہ وار ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شناختی کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے 30 ستمبر تک کارروائی سے مہلت دے دی گئی ہے۔
ترجمان ایف بی آر ڈاکٹر حامد عتیق سرور نے تصدیق کی کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائیگی کیونکہ پہلے ہی 7 روز کی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی گئی تھی حالانکہ 2 اگست ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری توسیع شدہ تاریخ تھی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے آئندہ 5 برسوں میں ٹیکس دہندگان کی تعداد کو 40لاکھ سے 50 لاکھ تک لانے کا ہدف مقررکیا ہوا ہے۔