10 اگست ، 2019
فاسٹ بولر وہاب ریاض عید کے بعد ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے لیے پی سی بی سے اجازت طلب کریں گے۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے چند روز قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹا ئرمنٹ کا اعلان کیا ۔ ان کے اس اعلان کو حیرانگی سے نہیں دیکھا گیا تھا کیونکہ محمد عامر کچھ عرصہ سے اس بارے میں سوچ رہے تھے اور اس حوالے سے خبریں بھی آئی تھیں اور پھر ورلڈکپ کے بعد محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا جس کا پی سی بی نے اعلان کیا۔
محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے وقت یہ خبریں سامنا آنا شروع ہوئیں کہ مزید فاسٹ بولر بھی ریٹائر منٹ لے سکتے ہیں۔
پہلا نام وہاب ریاض کا سامنے آیا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لے رہے ہیں۔27 ٹیسٹ میچوں میں 83 وکٹیں لینے والے وہاب ریاض عید کے بعد پی سی بی حکام سے بات کریں گے اور اپنے ارادے کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔
وہاب ریاض ان دنوں کینیڈا میں موجود ہیں اور لیگ کھیل رہے ہیں، وہاب ریاض اپنے کیرئیر کو طول دینے کے لیے مختصر دورانیے کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔
وہاب ریاض کو پی سی بی نے گزشتہ روز ہی سینٹرل کنٹریکٹ کی سی سے بی کیٹیگری میں شامل کیاہے، محمد عامر کی ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کے وہاب ریاض کو ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تجربہ کار بولر قرار دیا جا رہا ہے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ وہاب ریاض کا بھی ٹیسٹ کرکٹ سے دل بھر گیا ہے۔
وہاب ریاض نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ گزشتہ برس اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا وہ 87 ایک روزہ میچوں میں 113 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
وہاب ریاض ابتدائی طور پر ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہیں تھے انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اسکواڈ میں شامل کیا گیا، انہوں نے آخری ون ڈے میچ ورلڈکپ میں بنگلا دیش کے خلاف کھیلا۔ وہاب ریاض 27 ٹی ٹونٹی میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ۔