12 اگست ، 2019
وفاقی وزیر برائے بحری امور امور علی زیدی نے کہا ہے کہ عید والے دن وہی ہوا جس کا ڈر تھا۔
کراچی کی صفائی کا بیڑہ اٹھانے والے علی زیدی بارش کے پانی میں قربانی کے جانوروں کا خون شامل ہونے پر فکرمند ہوگئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اسی بات کا ڈر تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قربانی کے جانوروں کا سارا خون پانی میں شامل ہوگیا جو ہیضہ ، ٹائیفائڈ اور ملیریا کا باعث بنے گا۔
علی زیدی نے کہا کہ یہی وجہ تھی کہ تمام مکاتبِ فکر کے علمائے دین نے اہلیان کراچی سے قربانی کا عمل دو دن کی تاخیر سے کرنے کی درخواست کی تھی۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں ہفتے اور اتوار کو بارش کی وجہ سے بیشتر مقامات پر پانی جمع ہے اور عید الاضحیٰ کے موقع پر زیادہ تر شہریوں نے سڑک پر جانوروں کی قربانی کردی اور یوں جانوروں کا خون گلی محلوں میں جمع پانی میں شامل ہوگیا۔
اس کے علاوہ قربانی کرنے والے افراد نے جانوروں کی آلائشوں کو درست طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بجائے گھروں، فلیٹس کے باہر اور سڑکوں پر پھینک دیا ہے جس کی وجہ سے شہر کی فضا میں تعفن پھیل گیا ہے۔