14 اگست ، 2019
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔
یوم آزادی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ کشمیر کی حقیقت تبدیل نہیں کی جاسکتی، 1947 میں کاغذ کے ایک غیرقانونی ٹکڑے سے کشمیر کی حقیقت نہیں بدلی جاسکی، نہ ہی کوئی اور کشمیر کی حقیقت اب یا مستقبل میں تبدیل کرسکتا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان بھارت کے غاصبانہ عزائم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قیمت پر ظلم کے خلاف کھڑے رہیں گے، ہم کشمیر کاز کیلئے اپنی قومی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔