جنرل قمر جاوید باجوہ مزید 3 سال کیلئے آرمی چیف مقرر



وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ ملک اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کے تسلسل میں کیا۔

وزیراعظم آفس  کے اعلامیے کا عکس

وزیراعظم عمران خان نے اپنا آئینی اور صوابدیدی اختیار استعمال کیا، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم نے کشمیر اور خطے کی صورتحال اور افغانستان میں جاری امن عمل کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنا آئینی اور صوابدیدی اختیار استعمال کیا، خطے اور سرحدوں کی موجودہ صورتحال میں یہ واضح پیغام دینا ضرور ی تھا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت تسلسل اور یکسوئی کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن کیلئے تسلسل کی ضرورت تھی۔

فیصلہ ملکی استحکام کا سبب بنے گا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مزید تین سال کیلئے تقرری کا فیصلہ ملکی استحکام کا سبب بنے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جنرل باجوہ سیکیورٹی پالیسیوں میں تسلسل کی علامت ہیں اور وزیراعظم کا یہ فیصلہ خطے کی صورتحال کے سنجیدہ ادراک کا اظہار ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیر اعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے پیغام گیا ہے کہ پاک فوج اور جمہوری حکومت ایک پیج پر ہیں۔

جیوز نیوز کے پروگرام آپس کی بات کے میزبان اور سینئر تجزیہ کار منیب فاروق کا کہنا ہے کہ یہ ایک بروقت فیصلہ ہے جو کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حالات کے مطابق کیا گیا ہے اور اللہ کرے کہ قوم اور ملک کے لیے مبارک ہو۔

یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو نومبر 2016 میں اس وقت کے صدر ممنون حسین کی تجویز پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کیا تھا۔

جنرل قمر جاوید کے کیرئیر پر ایک نظر

جنرل قمر جاوید باجوہ کو نومبر 2016 میں اس وقت کے صدر ممنون حسین کی تجویز پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کیا تھا— فوٹو: فائل

جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کیریئر کا آغاز 16 بلوچ ریجمنٹ سے اکتوبر 1980ء میں کیا تھا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (ٹورانٹو)، نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیری (کیلی فورنیا)، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔

وہ کوئٹہ میں انفرینٹری اسکول میں انسٹرکٹر کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں جب کہ وہ کانگو میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی کمانڈ بھی سنبھال چکے ہیں۔

مزید خبریں :