سی پیک منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

منصوبوں پر بلا تعطل پیش رفت کو یقینی بنانے کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، عمران خان— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر بلا تعطل پیش رفت کو یقینی بنانے کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور متعلقہ محکموں کے مابین تعاون و اشتراک کیلئے سی پیک اتھارٹی کا قیام انتہائی مؤثر ثابت ہوگا۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا۔


وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ہونے والے اجلاس میں وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیرِ مواصلات مراد سعید، وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان و دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی، انفراسٹرکچر، پاکستان ٹیلی ویژن کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے، اورنج لائن، ایم ایل ون، گوادر پورٹ اور دیگر اہم منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

توانائی کے شعبے میں پورٹ قاسم کول فائرڈ پاور پلانٹ، گوادر پاور پلانٹ، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، حبکو تھر کول پاور پراجیکٹ اور تھر کول پاور پراجیکٹ جیسے اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

انفراسٹرکچر منصوبوں کے حوالے سے سکھر ملتان موٹروے، تھاہ کوٹ حویلیاں سیکشن، ایسٹ بے ایکسپریس وے، نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ، ایم ایل ون اور ڈی آئی خان ژوب منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ملتان سکھر موٹروے (ایم فائیو) مکمل کی جا چکی ہے جس کا جلد باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے چین کے تعاون سے پاکستان ٹیلی ویژن کے نشریاتی نظام کو ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد کی منظوری دی۔

اجلاس میں ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی ہمہ جہتی اور تذویراتی شراکت داری کا عملی نمونہ ہے۔

مزید خبریں :