پاکستان
Time 20 اگست ، 2019

کیانی کے بعد باجوہ عہدے کی مدت میں توسیع پانے والے دوسرے جنرل

فائل فوٹو: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے عہدے کی تین سالہ مدت مکمل ہونے سے تین ماہ 10 دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے میعاد میں مزید تین سال کی توسیع دیدی۔ وہ 26 نومبر 2016ء کو پاک بری فوج کے سربراہ مقرر کئے گئے تھے۔ 

جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ پر انہیں آرمی چیف مقرر کیا گیا تھا۔ وہ مدت ملازمت میں توسیع پانے والے جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی کے بعد دوسرے فوجی سربراہ ہیں۔ 

دیگر آرمی چیفس کے معاملے میں جنرل (ر) ایوب خان، جنرل (ر) ضیاء الحق اور جنرل (ر) پرویز مشرف نے چیف آف آرمی اسٹاف کی حیثیت سے اپنے عہدوں میں از خودتوسیع کرلی تھی۔

جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ اور جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ اپنی معینہ مدت کی تکمیل پرریٹائر ہوگئے جب کہ جنرل (ر) جہانگیر کرامت کو قبل از وقت ریٹائر کردیا گیا۔ 

جنرل (ر) آصف نواز اپنی اچانک وفات کے باعث مدت مکمل نہ کرسکے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں توسیع کر کے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے منتظم اعلیٰ کی حیثیت سے پہلا بڑا فیصلہ کیا۔ انہوں نے دو دن قبل ہی اپنی وزارت عظمیٰ کا پہلا سال مکمل کیا ہے۔ 

مزید خبریں :