Time 26 اگست ، 2019
پاکستان

حکومت آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے: بلاول کا الزام



راولپنڈی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات فراہم نہ کرکے انہیں قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو کوئی سزا نہیں ہوئی، عمران خان نے اپنے مخالفین کو بغیرسزا کے قید کررکھا ہے، نیازی فاشسٹ ہے جومیڈیا اورجمہوریت پرحملہ کررہا ہے، نیازی مخالفین کی خواتین کوبھی گرفتارکررہا ہے، عمران کی بھول ہے انہیں اندازہ نہیں کہ پیپلز پارٹی ہر آمر سے ٹکرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے یہ سب ماضی میں بھی دیکھا ہے، آصف زرداری کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز کی تجویز پر عمل نہیں ہورہا، حکومت وقت زرداری کو میڈیکل سہولت نہ دے کر اور اپنے ہی ڈاکٹرز کی تجاویز نہ مان کر زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہم اس پر عدالت جائیں گے، اگر ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں ہوتا اور جو لوگ اس پر عمل نہیں ہونے دے رہے، اگر زرداری کی صحت کو کچھ ہوا تو یہی نامزد لوگ قصور وار ہوں گے‘۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’فریال تالپور اسپتال میں موجود تھیں، انہیں رات غیر قانونی طریقے سے جیل لایا گیا، اب ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جارہے ہیں، نیازی نہ صرف سیاسی مخالفین کو نشانہ بنارہے ہیں بلکہ خواتین کو نشانہ بنارہے ہیں، ہماری ثقافت اور دین ہمیں خواتین کا احترام سکھاتا ہے، عمران نے چادر اور چار دیوار کو بھی پامال کردیا ہے‘۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ’عمران نیازی اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ ایسی حرکتیں کرکے سوچ رہے ہیں کہ وہ ہمیں توڑ دیں گے لیکن یہ ان کی بھول ہے، ہم نے اس ملک کو نسلیں دی ہیں، ہم اس کٹھ پتلی کے دباؤ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہر فورم پر نیازی کو بے نقاب کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھاکہ ’سب کچھ ماضی میں برداشت کیا، جو ظلم یہ عوام کے ساتھ کررہے ہیں ہم یہ برداشت نہیں کریں گے، ہر محاذ پر ان سے لڑیں گے، ان کا ہر نعرہ جھوٹا اور ہر وعدہ جھوٹا ہے، ہر بات پر یوٹرن لے لیا ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ مخالفین کو جیل میں رکھ دیا تو وہ کرپشن کا مقابلہ کررہے ہیں، وہ اس پر عوام کو بے وقوف بناسکتے ہیں، سب کچھ ایک تماشہ ہے، عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا گیا ہے، ان کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا، کٹھ پتلی سلیکٹڈ وزیراعظم عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہا ہے، پی پی کسی بھی پریشر میں نہیں آئے گی، اس کٹھ پتلی کے ہتھکنڈوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جدوجہد جاری رکھیں گے‘۔

مزید خبریں :