ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نیب کی کارکردگی کا معترف

جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب نے گذشتہ 20 ماہ میں نہ صرف 71 ارب روپے کی وصولی کی بلکہ 600 سے زائد مقدمات دائر کیے، چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان— فوٹو: فائل

دنیا بھر میں کرپشن اور اس کیخلاف اٹھائے جانے والے اقدامات پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین سہیل مظفر نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب نے گذشتہ 20 ماہ میں نہ صرف 71 ارب روپے کی وصولی کی بلکہ احتساب عدالتوں میں 600 سے زائد مقدمات دائر کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی کارکردگی کی پہلے مثال نہیں ملتی، نیب نے اپنے قیام کے بعد سے اب تک انسداد بدعنوانی کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے مزید کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی متحرک لیڈرشپ کی وجہ سے نیب کو اہم کامیابیاں ملیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے 'احتساب سب کا' کی پالیسی اپنا کر بدعنوان عناصر سے لوٹی رقم کی وصولی میں اہم کردار ادا کیا، جاوید اقبال کی شاندار قیادت نے نیب کو ایک متحرک ادارے میں تبدیل کیا، جنوبی ایشیا کی 27 اینٹی کرپشن ایجنسیز کے موازنے میں نیب کی کارکردگی عمدہ ثابت ہوئی۔ 

مزید خبریں :