08 ستمبر ، 2019
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کرفیو اور لاک ڈاؤن کو مسلسل 35 روز ہو گئے ہیں جب کہ قابض انتظامیہ نے وادی میں محرم الحرام کے جلوسوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
وادی میں مسلسل 35 ویں روز بھی انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی رابطے منقطع ہیں، حریت قیادت اور سیاسی رہنما بدستور گھروں اور جیلوں میں بند ہیں۔
پابندیوں کے باوجود گزشتہ روز سری نگر میں 7 محرم الحرام کا جلوس نکالنے والے عزاداروں پر بھارتی فورسز نے پیلٹ گنوں سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے متعدد عزادار زخمی ہو گئے۔
بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرتے صحافیوں پر بھی تشدد کیا اور ان کے کیمرے توڑ دیئے، بھارتی فورسز کے تشدد سے 4 صحافی زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے ہنڈوارہ میں زیر حراست نوجوان کو تشدد کرکے شہید کر دیا۔ کشمیری نوجوان ریاض احمد کو بدھ کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔