Time 10 ستمبر ، 2019
پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کرلیا

مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کے خلاف 115 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر تیار کیا گيا — فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بےنقاب کرنے کیلئے سرگرم ہے اور بھارتی مظالم پر ڈوزیئر تیار کیا ہے۔

مقبوضہ وادی میں بھارتی درندگی کے خلاف 115 صفحات پر مشتمل ڈوزیئر تیار کیا گيا ہے جس میں بھارتی غاصبانہ اقدامات کی تفصیل اور تصاویر بھی موجود ہیں۔

ڈوزیئر میں بھارتی بربریت کا شکار لوگوں کے نام اور دیگر معلومات بھی شامل ہیں جسے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

ڈوزیئر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں 37 ویں روز بھی مکمل لاک ڈاؤن ہے اور کرفیو کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں، اشیائے خورونوش اور ادویات ختم ہونے سے انسانی بحران جنم لینے لگا ہے۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

ڈوزیئر میں کہا گيا ہے کہ مقبوضہ وادی میں فاشسٹ مودی سرکار نے کشمیریوں کی مذہبی آزادی بھی سلب کرلی، وادی میں 10 ویں محرم کے جلوس نہیں نکالنے دیے گئے۔

ڈوزیئر میں بتایا گیا کہ 9 محرم الحرام کا جلوس نکالنے والوں پر بھارتی فوج نے بدترین لاٹھی چارج کیا، پیلٹس لگنے سے 12 عزادار زخمی ہوئے اور کئی کو گرفتار بھی کیا گیا۔

ڈوزیئر میں 1989 سے 2019 تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا شکار ہونے والے افراد کے اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے ہیں جس کے مطابق بھارتی فوج کے مظالم میں ایک لاکھ سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ 

ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد گرفتار ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد خواتین کو زیادتی اور بیحرمتی کا نشانہ بنایا گیا ہے

مزید خبریں :