Time 11 ستمبر ، 2019
کھیل

پاک بھارت کشیدہ تعلقات: ویمن کرکٹ سیریز کا انعقاد کھٹائی میں پڑ گیا


‏پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں تناؤ کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان ویمن کرکٹ سیریز کا انعقاد مشکلات کا شکار ہو گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز آئی سی سی چیمپئین شپ کا حصہ ہے جس کی میزبانی بھارت نے کرنی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیریز جولائی سے نومبر تک ہونی ہے۔

سیریز کی میزبانی کی اجازت بھارتی بورڈ نے اپنی حکومت سے طلب کی ہوئی ہے لیکن بھارتی حکومت نے اجازت دینے کے حوالے سے چپ سادھ لی ہے۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت سے سیریز کے حوالے سے رابطہ نہیں کرے گا کیونکہ سیریز کرانا بھارت کی ذمہ داری ہے، لیکن بھارت کی جانب سے سیریز کے لیے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔

ماضی میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے ساتھ سیریز نہیں کھیلی تھی، تب پاکستان نے نیوٹرل مقام پر بھی کھیلنے کی پیشکش کی تھی، سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کو پوائنٹس پاکستان کو دینے پڑے تھے۔

آئی سی سی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ دو ممالک کے درمیان سیریز ہے، سیریز کے انتظامات کرنا ممبر ممالک کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جب پوائنٹس ٹیبل کا معاملہ آئی سی سی کے پاس آئے گا تو اسے حل کیا جائے گا۔

مزید خبریں :